کرغستان اپنے طلبہ کے لئےپاکستان کے فنی تربیتی اداروں سے استفادہ حاصل کرے گا۔

کرغستان اپنے طلبہ کے لئےپاکستان کے فنی تربیتی اداروں سے استفادہ حاصل کرے گا۔

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) کرغستان ریپبلک کے وزیر برائے تعلیم و سائنس الماز بیک بیشین لیو کی سربراہی میں وفد نے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود سے ملاقات کی اور باہمی تعاون اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں پاکستانی طلبہ حصول تعلیم کے لئے کرغستان جاتے ہیں اور پاکستانی ایجوکیشنسٹ وہاں تعلیمی میدان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ کرغز طلبہ پاکستان میں مذہبی تعلیم کے حصول کے لئے مدارس کا رخ کرتے ہیں۔وفاقی وزیر شفقت محمود نے اپنے کرغز ہم منسب کو وزارت تعلیم کے ووکیشنل ایجوکیشن میں اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی بار دو سو ہائی اینڈ ٹریڈز، جن میں روبوٹکس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے کورسز شامل ہیں کی تربیت دے رہے ہیں۔ تمام ووکیشنل اداروں کی گریڈنگ کے لئے نیشنل ایکریڈیشن کونسل قائم کرنے جا رہے ہیں۔ کرغز وزیر تعلیم نے ووکیشنل ایجوکیشن میں وفاقی وزارت تعلیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا دونوں ممالک اس فیلڈ میں باہمی تعاون کو مزید بڑھائیں گے اور کرغستان اپنے طلبہ کے لئے، پاکستان کے فنی تربیتی اداروں سے استفادہ حاصل کرے گا۔وفاقی وزیر نے یکساں تعلیمی نصاب کے اغراض و مقاصد اور اب تک کی پیشرفت سے بھی اپنے کرغز ہم منسب کو آگاہ کیا۔ کرغز وزیر تعلیم نے بتایا کہ کرغستان بھی اپنے نظام تعلیم کو اپ گریڈ کر رہا ہے اسلئے انہیں پاکستانی یکساں تعلیمی نصاب کے تجربے سے استفادہ کر کے خوشی ہوگی۔وفاقی وزیر شفقت محمود نے، دوران وبا، آن لائن ایجوکیشن، فاصلاتی تعلیم کے پروگرامز اور تعلیم میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر اٹھائے گئے اقدامات پر بھی، کرغز ہم منسب کو تفصیلی بریفنگ دی۔ شفقت محمود نے کہا ٹیکنالوجی، تعلیم کے میدان میں نئی جدت اور تبدیلی لا رہی ہے۔ پاکستان میں دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بھی سٹیبل انٹرنیٹ کی ترسیل کو یقینی بنا رہے ہیں۔ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں ٹیکنالوجی کی مدد سے معیاری تعلیم پہنچانے پر ، پُرعزم ہیں۔دونوں ممالک نے تعلیم کے میدان میں اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں پارلیمانی سیکرٹری وجہیہ اکرم، وفاقی سیکرٹری تعلیم فرح حامد خان، ایڈیشنل سیکرٹری محی الدین احمد وانی اور دیگر سینئر افسر موجود تھے جبکہ کرغزستان کے وفد میں اعلی کرغز جامعات کے ریکٹر بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *