عمران خان مبارک ہو !فرشتوں کے دور میں ملک کرپٹ ترین بن گیا،مریم اورنگزیب

عمران خان مبارک ہو !فرشتوں کے دور میں ملک کرپٹ ترین بن گیا،مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو عمران خان حکومت کی کرپشن کا عالمی ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر محاذ پر ناکام سلیکٹڈ حکومت نے صرف کرپشن، کمیشن اور چوری میں ترقی کی، عمران صاحب مبارک ہو،ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ عمران صاحب کے جھوٹے بیانیہ اور الزامات کے منہ پر طمانچہ ہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دوسروں کو چور چور کہنے والے فرشتوں کے دور میں ملک کرپٹ ترین ہو گیا، شرم آنی چاہئیے اگر ہو تو،
 ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے عمران صاحب کی 400 ارب کی چینی ، 215 ارب کے آٹا چوری پر مہر تصدیق ثبت کی ہے ۔ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے عمران صاحب کی 500 ارب کی دوائی اور 122 ارب کی ایل این جی چوری پر مہر تصدیق ثبت کی ہے ،یہ ہے وہ کرپشن جس کی سزا اڑھائی سال سے پاکستان کی عوام کاٹ رہی ہے۔ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کا جھوٹ بولنے والوں کے لئے آئینہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ 2019 کے مقابلے میں 2020 میں پاکستان میں کرپشن چار درجے بڑھ چکی ہے،2018 میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں کرپٹ ممالک کی فہرست میں پاکستان بہتر ہوکر 117 ویں نمبر اور سی پی آئی میں 33 ویں درجے پر آگیا تھا،قائد محمد نواز شریف کے دور میں کرپشن میں کمی کے لحاظ سے پاکستان کی تارخ کاسب سے بہترین سی پی آئی سکور تھا،ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ثبوت ہے کہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں ہر سال پاکستان میں کرپشن میں کمی واقع ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کے دور میں پاکستان کرپشن میں 120 سے 124 ویں نمبر پر آگیا، یہ ہے صاف چلی شفاف چلی کی اصل حقیقت ٹرانسپرنسی کی رپورٹ کا مطلب ہے کہ پاکستان کرپشن کرنے والے ممالک میں چار درجے ترقی کر چکا ہے۔

Comments are closed.