نیب کی کارستانیاں عمران خا ن کو نہیں بچا سکتیں ،مسلم لیگ(ن)

نیب کی کارستانیاں عمران خا ن کو نہیں بچا سکتیں ،مسلم لیگ(ن)

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کی گرفتاری جبر اور ظلم کا پیغام ہے، حکمران (ن) لیگ اور پی ڈی ایم کو پوری طاقت سے دبانے کی کوشش کرینگے،نیب کی کارستانیاں عمران خا ن کو نہیں بچا سکتیں ۔خواجہ آصف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ استعفے دینے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، پی ڈی ایم نے استعفوں کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، سینیٹ الیکشن میں ن لیگ کا حصہ لینے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ حکمران پی ڈی ایم اور ن لیگ کو پوری طاقت سے دبانے کی کوشش کرینگے۔عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں یہ صرف مخالفین کو دبانے اور جیلوں میں ڈالنے میں مصروف ہے جبکہ مسلم لیگ(ن) اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں عوامی مسائل پر فوکس کیے ہوئے ہیں اور عوام موجودہ جعلی حکومت سے نجات چاہتے ہیں ،پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہی استعفوں کا فیصلہ ہوگا اورہماری قیادت اور پی ڈی ایم ہی سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔
دوسری جانب لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دو ڈھائی سال سے پارٹی توڑنے کی کوشش ہو رہی ہے، نواز شریف کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مجھے چارج شیٹ دی گئی کہ میرے اثاثے بڑھ گئے، ابھی تک نیب نے کوئی تفتیش نہیں کی۔احسن اقبال نے کہا کہ سپریم کورٹ خواجہ آصف کے مقدمے میں فیصلہ دے چکی ہے ، نیب راولپنڈی نے ہاتھ کھڑے کردیئے اور کہا کہ اس کیس میں کچھ نہیں ہے ۔حکومت پی ڈی ایم کی تحریک سے گھبرا گئی ہے حکومت سمجھتی ہے کہ گرفتاریوں سے تحریک کو کمزور کردیا جائے گا ، چیئرمین نیب عمران خان کی آمدن اور اثاثوں کا موازانہ کریں ،عمران خان نے مجھ سے کم ٹیکس دیا اورعمران کم ٹیکس دے کر تین سو کینال کے محل میں کیسے رہتے ہیں ؟انہوں نے کہاکہ ن لیگ ظلم کا مقابلہ کریں گی اور حکومت کے اس ظلم کو ختم کرے گی اورنیب کی کارستانیاں عمران خا ن کو نہیں بچا سکتیں ۔موجودہ حکومت کو جلد گھر بھیجا عوام و ملک کے مفاد میں ہے ۔

Comments are closed.